ad

ڈسکہ میں 8 سالہ بچہ زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا


ڈسکہ  ڈسکہ میں آٹھ سالہ بچے کو زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا . تفصیلات کے مطابق ڈسکہ کے نواحی گاؤں جیسروالا میں کھیتوں سے 8 سالہ بچے کی ہاتھ پاؤں بندھی لاش برآمد ہوئی جس کی شناخت 8 سالہ سبحان علی کے نام سے ہوئی .
8 سالہ سبحان گذشتہ شام سے لاپتہ تھا. ارسلان کے ہاتھ پاؤں بندھے ہوئے تھے اور گلے میں بھی کپڑا تھا.
پولیس نے 8 سالہ سبحان کی لاش کو تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کردیا. بچے کی لاش برآمد ہونے پر اہل خانہ اور علاقہ مکینوں نے سیالکوٹ روڈ پر احتجاجاً دھرنا دے دیا جس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا. اہل خانہ نے الزام عائد کیا کہ سبحان علی کو اغوا کے بعد زیادتی کا نشانہ بنایا گیا اور پھر اسے بے دردی سے قتل کردیا گیا.

پولیس کی جانب سے واقعہ میں ملوث درندے کی گرفتاری کے لیے اب تک کوئی اقدام نہیں کیا گیا.
دوسری جانب آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے 24 گھنٹوں میں رپورٹ طلب کرلی اور ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے سخت قانونی کارروائی کا حکم دیا. پولیس کا کہنا ہے کہ بچے سے زیادتی کی تصدیق پوسٹمارٹم رپورٹ کے بعد ہو گی. جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھی واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے.
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعے میں ملوث ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ مقتول کے خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے گا. خیال رہے کہ ملک بھر میں حال ہی میں بچوں کے اغوا اور کم سن بچوں سے زیادتی کے کئی کیسز رپورٹ ہوئے ہیں. جن میں سے اکثر کیسز کے ملزمان اس وقت پولیس کی حراست میں ہیں اور ان سے تفتیش کی جا رہی ہے.